ندیم عباس بارا و دیگر 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ
تحریک انصاف کے نومنتخب ایم پی اے ندیم عباس بارا اوردیگر ملزمان کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ کر دیا گیا ۔منگل کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ہوائی فائرنگ اور پولیس پر تشدد کرنے کے کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کے نو منتخب ایم پی اے ندیم عباس بارا اور دیگر کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ملزمان کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا۔ملزمان کو تین دن کے جسمانی ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا تھا جبکہ علاقے میں فائرنگ سے متعلق فرانزک رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی۔ فرانزک رپورٹ کے مطابق ملزمان سے کسی بھی قسم کا اسلحہ ، ڈنڈا اور دیگر سامان برآمد نہیں ہوا۔علاوہ ازیں تحریک انصاف کے کارکنان نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر احتجاج بھی کیا۔ملزمان کے خلاف تھانہ ہنجروال میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔