سپریم کورٹ نے بنی گالہ تجاوزات کیس میں محکمہ مال کو سروے جنرل آفس کوتمام ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دیدیا
سپریم کورٹ بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت میں سرویئرجنرل آف پاکستان عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ عدالت سروے جنرل آفس کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے۔ سروے جنرل آفس کی جانب سے دارالحکومت اور کورنگ نالہ کی حد بندی کا سروے نہیں ہوا۔ سرویئرجنرل نے آگاہ کیا کہ کورنگ نالہ کے سروے کے لیے ہمیں ریکارڈ اور نقشے چاہییں۔ چیف جسٹس نے کہا محکمہ مال نے عدالتی احکامات کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ محکمہ مال سروے آفس کو آج ہی مطلوبہ ریکارڈ فراہم کرے جو ریاستی ادارے تعاون نہیں کرتے ان کے خلاف ایکشن لیں گے۔ عوام ہمیں اپنے پیسہ سے تنخواہ دیتے ہیں۔ عدالت نے محمکہ مال راولپنڈی کی سرزنش کی ۔ عدالت نے حکم دیا کہ محکمہ مال سروے جنرل آفس کوتمام ریکارڈ فراہم کرے۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ بنی گالا تجاوزات کی درخواست عمران خان نے ہی دی تھی۔ عمران خان کی حکومت بننے والی ہے۔ بنی گالا تجاوزات کے معاملے کو اب عمران خان خود دیکھیں۔ یہ ان کا ٹیسٹ ہے۔ دیکھتے ہیں بنی گالہ تجاوزات کا معاملہ عمران خان کیسے حل کرتے ہیں ۔عمران خان لوگوں کے لیے مثال بنیں عمران خان کے وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ یقین دلاتا ہوں عمران خان لوگوں کے لیے مثال بنیں گے۔