الیکشن کمیشن نے کامیاب امیدوار قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے نوٹیفکیشن جاری کردیئے، عمران خان کے 2 حلقوں میں کامیابی کے نوٹیفکیشن روک دیے
الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے، تاہم عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کے باعث چند حلقوں کے نوٹیفکیشن روک دیئے گئے، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ملک بھر سے 5 قومی اسمبلی کے حلقوں سے نشستیں جیتے تھے لیکن الیکشن کمیشن نے ان کی دو حلقوں سے کامیابی کے نوٹیفکیشن روک دیئے ہیں، الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 53 اسلام آباد کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کے حتمی فیصلے تک روکا گیا ہے جب کہ عمران خان کی این اے131 سے کامیابی کا نوٹیفکیشن لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر روکا گیا ہے۔ ادھر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عمران خان کی بنوں، کراچی اور میانوالی سے کامیابی کا مشروط نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، تین حلقوں سے عمران خان کی کامیابی کے نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کے فیصلے سے مشروط ہو گا۔عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے باعث روکا گیا ہے کیونکہ ان کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کیس الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے۔ عمران خان نے پچیس جولائی کو ووٹ کی رازداری کا خیال نہیں رکھا تھا اور کیمروں کے سامنے بلے پر نشان لگایا تھا جس پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا تھا۔