پی سی بی کا پی ایس ایل کے گراؤنڈ اسٹاف کو بونس دینے کا اعلان
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نےپاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) فائیو میں کام کرنے والے گراؤنڈ اسٹاف کو بونس دینے کا اعلان کر دیا۔ ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے دوران گراؤنڈ اسٹاف کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے ان کے لیے مالی انعام کا اعلان کیا ہے،لاہور، کراچی، راولپنڈی اور ملتان کے اسٹیڈیمز کے گراؤنڈ اسٹاف میں شامل 68 افرادپر مشتمل عملے کو بونس دیا جائے گا،ان میں سے 63 افراد کو ماہ اگست میں ان کی تنخواہ کا 50 فیصد اضافی حصہ بطور بونس دیا جائے گا جبکہ پی سی بی ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے گراؤنڈ اسٹاف میں شامل 5 افراد کو 10 ہزار روپے انعام کا دے گا۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ اگرچہ کرکٹ میچز کو خوشگوار انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں گراؤنڈ اسٹاف کا کردار انتہائی اہم ہے مگر پھر بھی یہ ایسی ملازمت ہے جس کی ستائش نہیں کی جاتی، لہٰذا یہ بہت ضروری ہے کہ ان کے کام کو سراہاجائے اور انہیں اس کا انعام بھی دیاجائے۔