بلوچستان کے تعلیم کے حوالے سے غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ بلوچستان ہائی کورٹ
بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس جناب جسٹس عبدالحمید بلوچ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ بلوچستان کے تعلیم کے حوالے سے غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ آن لائن کلاسز سے متعلق جلد سے جلد فائنل رپورٹ پیش کی جائے۔ عدالت کے بینچ نے یہ ریمارکس بی ایس او اور پشتونخوااسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے جانب سے دائر آئینی درخواستوں کی سماعت کے موقع پر دئیے۔ سماعت کے دوران درخواست گزاران کے وکلا میر عطا اللہ لانگو ایڈووکیٹ، نصیب اللہ ترین ایڈووکیٹ، ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان ارباب طاہر ایڈووکیٹ، اے اے جی شہک بلوچ ودیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے آن لائن کلاسز سے متعلق ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی رپورٹ عدالت میں پیش کردی اور بتایا کہ کمیٹی کی 10 تاریخ کو اجلاس ہوگا جس میں ایس او پیز بارے غور کیا جائے گا درخواست گزار کے وکیل عطا اللہ لانگو ایڈووکیٹ نے بتایا کہ کمیٹی اجلاس پر اجلاس منعقد کررہی ہے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا سماعت کے دوران ججز نے ریمارکس دیئے کہ صوبے میں جہاں انٹرنیٹ کا سہولت موجود ہیں وہ غیر معیاری ہے، بلوچستان کے تعلیم کے حوالے سے غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ آن لائن کلاسز سے متعلق جلد سے جلد فائنل رپورٹ پیش کی جائے۔ بعد ازاں سماعت ملتوی کردی گئی۔