سندھ حکومت نے وفاق سے مردم شماری کا ڈیٹا مانگ لیا
سندھ حکومت نے غربت کم کرنے کے ایک پروگرام کے تحت وفاق سے مردم شماری کا ڈیٹا مانگ لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے مردم شماری ڈیٹا کے لیے وفاقی ادارہ شماریات کو خط لکھ کر کہا ہے کہ صوبے میں غربت پر قابو پانے کے لیے سماجی تحفظ اور معاشی استحکام کا پروگرام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے لیے مردم شماری ڈیٹا درکار ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ صوبائی بجٹ میں غریب طبقے کے لیے سماجی تحفظ اور معاشی استحکام کا پروگرام متعارف کرایا گیا تھا، شہری علاقوں میں غربت کے خاتمے کے پروگرام کے لیے 3 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جب کہ دیہی علاقوں میں غربت کے خاتمے کے پروگرام کے لیے 2 ارب روپے تجویز کیے گئے۔خط میں کہا گیا کہ اس تناظر میں ادارہ شماریات سے درخواست ہے کہ آبادی کی تفصیلات، شہری، دیہی آبادی کا بلاک وائز ڈیٹا اور نقشہ فراہم کیا جائے، سندھ حکومت کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ مطلوبہ ڈیٹا صوبائی شماریات دفتر کے ذریعے فراہم کیا جائے۔سندھ حکومت نے خط میں لکھا ہے کہ آبادی کے اعداد و شمار سماجی پروگرام کے لیے مدد گار ہوں گے۔