بھارتی مسافر طیارہ کیرالہ کے کالی کٹ ایئرپورٹ پر حادثے کا شکار
انڈیا کی فضائی کمپنی ایئر انڈیا کا ایک مسافر طیارہ ملک کی جنوبی ریاست کیرالہ کے شہر کالی کٹ کے ہوائی اڈے پر اترتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گیا ہے، طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے پر رک نہیں سکا اور وادی میں گر کر دو ٹکڑے ہو گیا . حادثہ مقامی وقت کے مطابق سات بجے کے بعد پیش آیا ہے اور حادثے کا شکار ہونے والے طیارے پر دس بچوں سمیت 184 مسافر اور عملے کے سات ارکان سوار ہیں۔ابتدائی طور پر اس حادثے میں سولہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔حادثے کا شکار ہونے والی ایئر انڈیا کی ایکسپریس پرواز آئی ایکس 1344 جمعے کی شام دبئی سے کالی کٹ کے کوئیکوڈ ہوائی اڈے پہنچی تھی اور ایئر انڈیا کے ترجمان کے مطابق خراب موسم میں اترتے ہوئے طیارہ رن وے سے پھسل کر نیچے جا گرا۔انڈین ذرائع ابلاغ پر دکھائے جانے والے مناظر میں بوئنگ 737 طیارے کو ٹکڑے ٹکڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل کے حوالے سے خبر دی گئی ہے کہ طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے پر رک نہیں سکا اور وادی میں گر کر دو ٹکڑے ہو گیا۔ان کا یھی کہنا تھا کہ جس وقت طیارہ ہوائی اڈے پر اترا تو حدِ نگاہ دو ہزار میٹر تھی۔ خیال رہے کہ کوئیکوڈ کے ہوائی اڈے کا رن وے ایک پہاڑی پر واقع ہے۔حکام کے مطابق حادثے کے باوجود طیارے میں آگ نہیں لگی اور جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔سول ایوی ایشن کے حکام کے مطابق اس حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔