جموں وکشمیر کے مسئلے پر اقوام متحدہ کا موقف مضبوط ہے اور تبدیل نہیں ہوا , پاکستان کا اقوام متحدہ کےترجمان کےبیان کاخیرمقدم
پاکستان نے جموں وکشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں انہوں نے اس مسئلے پر اقوام متحدہ کے موقف کااعادہ کیا ہے ۔دفترخارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہاکہ اس بیان سے اس بات کی تجدید کی گئی ہے کہ جموں وکشمیر کے مسئلے پر اقوام متحدہ کا موقف مضبوط ہے اور تبدیل نہیں ہوا ۔زاہد حفیظ چوہدری نے کہاکہ پاکستان خصوصاً اس بیان کے بروقت ہونے کوسراہتا ہے کیونکہ یہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں پانچ اگست 2019ء کو کئے گئے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کے دو سال مکمل ہونے کے موقع پر سامنے آیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ اقدامات اقوام متحدہ کے منشور، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن سمیت عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ترجمان نے کہاکہ بیان میں اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل نمائندے کے جموں وکشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قراردینے کے بیان کی بھی تردید کی گئی ہے ۔