ملک میں ویکسی نیشن کا عمل بھرپور انداز میں جاری ہے: معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان
صحت کے بارے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ویکسی نیشن کا عمل بھرپور انداز میں جاری ہے اور کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے یومیہ دس لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔کوئٹہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ملک میں وائرس پر قابو پانے کی کوششوں کی جانب ایک مثبت علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کرونا کی چوتھی جان لیوا لہر کا سامنا ہے کیونکہ بھارتی قسم کے ڈیلٹا وائرس کی موجودہ لہر ماضی کے مقابلے میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شکایت پورٹل بھی قائم کر دیا گیا ہے جہاں چند ہزار شکایات موصول ہوئیں اور ان میں سے زیادہ تر کو برقت حل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے تمام ممکنہ امداد اورتعاون فراہم کرے گی۔