وہ دور گزر چکا کہ جب جنگوں کے ذریعے ملکوں کو فتح کر لیا جاتا تھا, اب دنیا عملی جنگوں کی بجائے بیانیے کی جنگ کی طرف منتقل ہو چکی ہے: وزیر اطلاعات فواد چوہدری
وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت سرکاری میڈیا میں تبدیلی لانے کیلئے پر عزم ہے تاکہ ریاستی بیانیے کو مستحکم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دور گزر چکا کہ جب جنگوں کے ذریعے ملکوں کو فتح کر لیا جاتا تھا۔انہوں نے کہا کہ اب دنیا عملی جنگوں کی بجائے بیانیے کی جنگ کی طرف منتقل ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان نے ستر ہزار جانوں کی قربانی دی لیکن بدقسمتی سے ہم دہشت گردی کے بیانیے کو شکست دینے کے سلسلے میں اپنے کردار سے عالمی برادری کو آگاہ نہیں کرسکے۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کا آغاز1964ء کو ہوا تھا اور آج اس کو ہائی ڈیفنیشن ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں کاغذ کا استعمال ترک کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی ڈی میں اشتہارات کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے میڈیا کے تمام اداروں کے تمام بقایاجات ادا کر دیئے ہیں۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ یونیورسٹی آف میڈیا ٹیکنالوجی صحات کے علاوہ پرفارمنگ آرٹس اور میڈیا سے متعلقہ دیگر شعبوں کی تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہاکہ نیشنل ڈیجیٹل انفارمیشن پلیٹ فارم کے تحت ریڈیو پاکستان پوڈ کاسٹ کا آغاز کیا گیاجس سے عوام کو مختلف موضوعات پر معیاری آڈیو اور ویڈیو مواد فراہم کیا جا رہا ہے۔پوڈ کاسٹ میں اہم شخصیات کے انٹرویوز خبریں تجزیے حالات حاضرہ کے پروگرام ڈکو مینٹریز موسیقی کھیل اور دیگر موضوعات پر پروگرامز نشر کئے جائیں گے جسکا مقصد عوام کو باخبر رکھنے کے علاوہ انہیں تعلیم اور تفریح کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ریڈیو پاکستان کے پوڈ کاسٹ کوPodcast.radio.gov.pk پر دیکھا جا سکتا ہے۔ریڈیو پاکستان پوڈ کاسٹ کے آغاز سے سرکاری ریڈیو نے ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے جس میں اہم شخصیات کے ویڈیو انٹرویو نشرکرنا ہے۔