ایف آئی اے نے صحافی عمران شفقت اور عامر میر کو رہا کردیا
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے سینئر صحافی عامر میر اور عمران شفقت کو چھوڑ دیا۔ذرائع ایف آئی اے لاہور کے مطابق عامر میر اور عمران شفقت کو شخصی ضمانت پر چھوڑ دیا گیا ہے۔اس سے قبل لاہور ایف آئی اے کے سائبر کرائم یونٹ نے صحافی عامر میر اور عمران شفقت کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کیا تھا۔ایف آئی اے نے ہفتہ کی صبح عامر میر کو گھر سے نکلتے ہی حراست میں لے لیا تھا، وہ انہیں کار سمیت ساتھ لے گئے تھے۔لاہور ہی سے ایف آئی اے نے صحافی عمران شفقت کو بھی حراست میں لیا تھا۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے گرفتاری کے بعد دونوں صحافیوں پر پاکستان کے مفاد کے خلاف کام کرنے کا الزام لگایا ہے۔عامر میر اور عمران شفقت نے ایف آئی اے کی ایف آئی آر میں درج الزامات پر تحریری جواب دے دیا ہے۔ذرائع ایف آئی اے کے مطابق دونوں صحافیوں نے اپنے جوابات میں ایف آئی اے کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ ہماری صحافتی جدوجہد کا مقصد پاکستان کے مفاد کی حفاظت کرنا ہے۔جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ ملکی مفاد کے خلاف کام کرنے کا الزام بے بنیاد ہے،ایف آئی اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ صحافی عامر میر اورعمران شفقت کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے، دونوں کو سائبر کرائم ونگ لاہور نے حراست میں لیا۔سائبر کرائم ونگ کے مطابق دونوں صحافیوں کے خلاف ججز، ملکی و ریاستی اداروں کے خلاف توہین آمیز رویہ اختیار کرنے پر مقدمات درج کیے گئے، یوٹیوب پر چلنے والے دو چینلز سے ججز اور قومی اداروں کے خلاف ایسے پیغامات نشر کیے جاتے ہیں۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یوٹیوب پیغامات کے ذریعے عوام کا عدالتوں، قومی سلامتی کے اداروں پر سے اعتمادکمزورکرنیکی کوشش کی گئی جبکہ دونوں ملزمان نے خواتین کے ساتھ بھی توہین آمیز رویہ رکھا۔ایف آئی اے نے بتایا کہ دونوں ملزمان کو شخصی ضمانت پر ریا کیا گیا ہے البتہ مقدمے کی تفتیش جاری ہے، جس کے دوران انہیں تعاون کرنا ہوگا، ملزمان کے خلاف مزید ثبوت جمع کرکے عدالت میں چالان پیش کیاجائے گا.