عمران خان کو سزا نہ ہوئی تو ریلیف دینے والا بھی تاریخ میں مجرم کہلائے گا: رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن)طلال چوہدری
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف 62 اور63 کا اوپن اینڈ شٹ کیس ہے لیکن انہیں سزا نہ ہوئی تو نظام انصاف پر سوال اٹھیں گے، اور سزا نہ دینے اور ریلیف فراہم کرنے والا بھی تاریخ میں مجرم کہلوائے گا۔‘اے پی پی’ کے مطابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات ونشریات چوہدری شہباز بابر کے ہمراہ فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کبھی ایکس، کبھی وائی، کبھی نیوٹرل کا ذکر کرتا ہے لیکن اس میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ کسی کا نام لے سکے، جو بندہ ڈر اور خوف سے کسی کا نام نہ لے سکے وہ کیا انقلاب لائے گا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے عمران خان بڑھکیں مارتا تھا کہ میں کسی سے ڈکٹیشن نہیں لوں گا لیکن اب وہ کہتا ہے کہ میں نے کسی کے کہنے پر چیف الیکشن کمشنر لگا کر غلطی کی تو اب عمران کو چاہیے کہ وہ اس کا نام لے جس کی ڈکٹیشن پر اس نے چیف الیکشن کمشنر کو لگایا۔