لاہور ہائیکورٹ نے بھارت سے درآمد ہونے والی جیولری کو ٹیکس سے استثنیٰ دینے کے خلاف دائر درخواست کو ابتدائی سماعت کے لئے منظور کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد خالد محمود خان نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار شہری جنید سلیم نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بھارت سے درآمد ہونے والی جیولری کوایف بی آر کی جانب سے ٹیکس سے استثنی دیا گیا ہے۔ بھارت نے پاکستان سے برآمد ہونے والی کسی چیز پر ٹیکس معاف کرنے کی رعایت نہیں دی۔ ٹیکس سے استثنی کا نوٹیفیکیشن ملکی جیولری کی صنعت کو نقصان پہنچانے اور بھارتی تاجروں کو فائدہ پہنچا رہا ہے۔
بھارتی جیولیری پر ٹیکس عائد کرنے کا حکم دیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ رجسٹرار آفس کی جانب سے پٹیشن پر عائد اعتراض کو ختم کرتے ہوئے ایف بی آر کا نوٹیفیکشن منسلک کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے درخواست پر اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست ابتدائی سماعت کے لئے منظور کرلی۔