کراچی آپریشن پر کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گے: نوازشریف

گورنر ہائوس کراچی میں وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کااجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار احمد، ڈی جی رینجرز سندھ، کور کمانڈر، وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ نے شرکت کی، اجلاس میں سندھ پولیس اور رینجرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ کراچی آپریشن کے بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کے معاملے میں کسی سے بلیک میل ہونے کی ضرورت نہیں ہے، کراچی آپریشن دہشتگردوں کے خاتمے تک جاری رہنا چاہئے ،،رینجرزکے اختیارات کی توسیع کے معاملے پر سندھ حکومت کے تحفظات پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر رینجرز سندھ سے چلی گئی تو کراچی آپریشن کیسے جاری رہے سکتا ہے، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ایک مرتبہ پھر تمام سیاسی جماعتوں کو کراچی آپریشن کے معاملے پر اعتماد میں لے، اس موقع پر انہوں نے پراسیکویشن کے شعبے میں کمزوری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزموں کی سزائوں کیلئے ضروری ہے کہ سندھ حکومت مقدمات کی پیروی میں مستعدی دکھائے، انہوں نے کہا کہ پراسیکویشن کمزور ہونے کے باعث متعدد دہشتگردوں کے مقدمات زیر التوا ہیں، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ مزید دو سو پراسیکویٹر تعینات کئے جائیں گے، جبکہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کو مزید جدید بکتر بند گاڑیاں اور اسلحہ فراہم کیا جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سندھ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا اعلان کریں گے۔اس موقع پر آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ رینجرز اور ملٹری پولیس پر حملے کے ملزم پکڑ لئے ہیں۔