ریلوے اراضی پر نجی ہائوسنگ سوسائٹیاں' سپریم کورٹ نے شیخ رشید کو طلب کرلیا
سپریم کورٹ نے ریلوے کی اراضی پر نجی ہائوسنگ سوسائٹیوں کی تعمیر کے معاملے پر وزیر ریلوے شیخ رشیداحمد کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ جمعہ کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں تین رکنی بینچ نےریلوے کی اراضی پر نجی ہائوسنگ سوسائٹیوں کی تعمیر کے معاملے پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران وکیل افشاں غضنفرنے کہا کہ 1886میں بچھائے گئے 75کلومیٹر ٹریک کو1994میں ختم کردیا گیا، 45کلومیٹر ٹریک بیچ دیا گیا، علاقے کے ایک مقام پر ہائوسنگ سوسائٹی بھی بنائی گئی۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اعتراض اٹھایا گیا کہ ریلوے اراضی دوسرے مقاصد کے لئے استعمال کی جارہی ہے، صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلزکے مطابق کچھ جگہوں پرتونجی ہائوسنگ سوسائٹیاں قائم کی گئیں، صوبے 3روزمیں ریلوے اراضی کے غلط استعمال سے متعلق تفصیلات فراہم کریں۔عدالت نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو طلب کرتے ہوئے کہا کہشیخ رشید تو کہتے تھے اصلاح کرنی ہے، وہ ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر وضاحت دیں، یہ ریاست کی زمین ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 24دسمبر تک ملتوی کردی۔