عوامی خدمت کے سوا کوئی ایجنڈا نہیں، عمران خان کی قیادت میں ملک درست سمت کی جانب چل پڑا ہے:عثمان بزدار
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت خلوص نیت اور دل وجان سے عوامی خدمت کررہی ہے ۔ عوام کی خدمت کیلئے اقتدار میں آئے ہیں،اس کے سوا ہمار اکوئی اورایجنڈا نہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو درست سمت کی جانب گامزن کردیا ہے اورانشاء اللہ ملک و قوم کی تقدیر بدل کر نئے پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلیں گے۔وہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے وزیراعلیٰ آفس میں ان سے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عام آدمی کے مسائل کے فوری حل کیلئے اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے اور تحریک انصاف کی حکومت عوام کی خدمت کو عبادت سمجھ کر سرانجام دے رہی ہے۔ صوبے کے غریب عوام کی خوشحالی وترقی سے بڑھ کر کوئی چیز عزیر نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ہمارا ہر ایک قدم عوام اور ملک کے وسیع تر مفاد میں اٹھ رہا ہے۔حکومت تیز رفتاری کیساتھ اپنے ہدف کے حصول کی طرف بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ہمیشہ ملکی مفادات کوترجیح دی ہے۔وزیر اعظم عمران خان کا ایک ایک لمحہ عوام کی بہتری کیلئے وقف ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نئے پاکستان کے مقاصد کو جلد حاصل کر ے گی۔ مختصر عرصے میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کر کے نئی مثال قائم کی ہے۔ وطن عزیز کو اقوام عالم میں نمایاں مقام دلائیں گے اوروزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان پائیدار ترقی کا سفر طے کرے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے مختصر عرصے میں متعددکامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ابتدائی 100روز میں عوام کی تقدیر بدلنے کیلئے برق رفتاری سے کام کیا گیا ہے۔ عام آدمی کور یلیف دینے کیلئے ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اورناجائز منافع خوروں کوکسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔مصنوعی مہنگائی کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں اورمہنگائی کیخلاف مہم پورے صوبے میں موثر انداز میں جاری رہے گی۔میں خوداس مہم کی نگرانی کروں گا۔اچھی کارکردگی دکھانے والے ضلع کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ پرائس کنٹرول کے حوالے سے خراب کارکردگی پر بازپرس ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو ہر قیمت پر ریلیف فراہم کریں گے اوروزیراعظم عمران خان کا دور پاکستان کی تاریخ کا سب سے سنہرادور ثابت ہوگا۔