نواز شریف کی طرح آصف زرداری کو بھی ریلیف ملنا چاہیے، مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ لندن سے آنے والی 190 ملین پاؤنڈ کی رقم سندھ کی ہے یہ رقم فوری طور پر ہمیں ملنی چاہئے، نوازشریف کی طرح آصف زرداری اور ہر بیمار قیدی کو ریلیف ملنا چاہیے لہٰذا آصف زرداری کو فوری رہا کر دیا جانا چاہیے۔ وزیراعلی سندھ نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام سینٹر اسٹیج میں اینکر رحمان اظہر سے خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ میں بلاول کے اس موقف کی مکمل تائید وحمایت کرتا ہوں کہ وفاقی حکومت زیادہ دیر نہیں رہے گی ، آرمی چیف کے معاملے پر سپریم کورٹ نے آئینی ترمیم کا کہا ہے جو شخص ایک نوٹیفکیشن جاری کرانے میں کئی اداروں کے درمیان مسائل پیدا کر وادیتا ہے وہ آئینی ترمیم کیسے لا سکتا ہے ، دعامنگی اغوا کے معاملے کی ذمے داری لیتا ہوں اس معاملے کی وجہ سے رات کو نیند نہیں آتی۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ لندن سے آنے والی 190 ملین پاؤنڈ کی رقم سندھ حکومت کی زیر نگرانی ہی خرچ ہونی چاہئے ، یہ رقم کوئی اور لے سکتا ہے نہ خرچ کر سکتا ہے ، سپریم کورٹ اس رقم کے خرچ کا کوئی میکنزم طے کر سکتی ہے سندھ حکومت اس کیلئے بھی تیار ہے ، میرے کیخلاف نیب کے کیس میں کچھ بھی نہیں ہے پچھلے سال جے آئی ٹی کی رپورٹ میں میرا نام آیا اس سے پہلے نہ کسی نے نوٹس بھیجا نہ کبھی نام آنے کا سنا تھا۔