آئی سی سی نے ٹیسٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے پہلے میچ کے بعد ٹیسٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ کی نئی رینکنگ کے تحت بیٹسمینوں میں آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، ویسٹ انڈیز کے خلاف 251 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کی بدولت کیوی کپتان کین ولیمسن دوسرے نمبر پر آگئے۔ ویرات کوہلی ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں۔ رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔