عمران خان کا خیبرپختونخوا، پنجاب اسمبلی چند روز میں تحلیل کرنے کا ارادہ ہے: شاہ محمود قریشی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے رمضان تک نئی حکومت کے قیام کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان چند روز میں خیبرپختونخوا اور پنجاب کی اسمبلی تحلیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ آئین اور جمہوری راستے اپناتے ہوئے سمجھانے کی کوشش کی اور مواقع دیے، اپوزیشن سے بات کی، ان کو مختلف انداز میں پیغامات دیے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے صدر عارف علوی نے اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کی کہ فاصلے کم ہوسکیں اور ہم کسی مثبت راستے پر آگے بڑھ سکیں لیکن پیش رفت نہ ہوسکی اور معاملہ جوں کا توں رہا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بحیثیت چیئرمین پی ٹی آئی یہ فیصلہ کیا کہ جو ان کے اختیار میں ہے وہ قدم اٹھائیں اور مشاورت کے ساتھ بہت جلد خیبرپختونخوا اور پنجاب کی اسمبلیاں تحلیل کردوں گا تاکہ نئے انتخابات کی فضا ہموار کی جاسکے۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہمارے اراکین پہلے ہی قومی اسمبلی سے باہر آچکے ہیں، حکومت یا پارلیمان کا عملی طور پر حصہ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے لاہور میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کے اراکین کے ساتھ دو اہم اجلاس منعقد کیے اور ڈویژن کی سطح پر اراکین سے بھی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔