سپریم کورٹ نے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کی ممکنہ برطرفی کے خلاف درخواست باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرلی ہے۔
چیف جسٹس افتخارمحمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے درخواست پررجسٹرارآفس کے اعتراضات مسترد کر دیئے ۔ عدالت نے رجسٹرارآفس کو درخواست کو سماعت کے لیے کازلسٹ میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے۔اٹارنی جنرل کی جانب سے درخواست کے قابل سماعت ہونے پراعتراض اٹھایا گیاجس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ اٹارنی جنرل کی رائے مستند لگتی ہے تاہم انہوں نے باقاعدہ سماعت پر درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پردلائل دینے کی ہدایت کی ۔ گزشتہ سماعت کے موقع پر اٹارنی جنرل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ حکومت کا آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی یا ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹینٹ جنرل احمد شجاع پاشا کوبرطرف کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، جس پرعدالت نے انہیں حکومت کی جانب سے یہ یقین دھانی تحریری طورپرپیش کرنےکی ہدایت کی تھی۔