علیم خان کرپشن کیس میں وزیر اعظم کو بھی شامل تفتیش کیا جائے :پیپلز پارٹی
پیپلزپارٹی نے علیم خان کرپشن کیس میں وزیراعظم عمران خان کو بھی شامل تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو شامل تفتیش نہیں کیا گیا تو کوئی اس احتساب کو نہیں مانے گا ۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے علیم خان کی گرفتاری بہت بڑی بد دیانتی ہے اور ان کی جلد ہی ضمانت ہوجائے گی،تفتیش کے بغیر ہی گرفتاری انہیں فائدہ پہنچانے کے مترادف ہے جبکہ قمرزمان کائرہ کا کہنا ہے کہ محض علیم خان کی گرفتاری پر حکومت کریڈٹ نہ لے ، اصل معاملہ مقدمے کی شفاف تحقیقات کا ہے ۔ مولابخش چانڈیو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر علیم خان پر کرپشن کرنے یا ناجائز اثاثے بنانے کا الزام ہے تو عمران خان بھی اس کی زد میں آتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شوکت خانم، نمل اور تحریک انصاف کو بھی علیم خان کروڑوں روپے سالانہ چندہ دیتے ہیں۔