حکومت مہنگائی پرقابوپانے کیلئے تمام ممکنہ انتظامی اقدامات کررہی ہے،وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ حکومت مہنگائی پرقابوپانے کے علاوہ مختلف اشیائے ضروریہ کی طلب اوررسدبرقراررکھنے کے لئے جامع حکمت عملی وضع کرنے کی غرض سے تمام ممکنہ انتظامی اقدامات کررہی ہے۔ اسلام آباد میں ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی کے ارکان سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت نے قومی معیشت مستحکم کی ہے اوراب عام آدمی کو سہولت کی فراہمی پر پوری توجہ دی جائے گی۔ وزیراعظم نے مہنگائی پرقابوپانے کے لئے یونین کونسل کی سطح پرپرائس کنٹرول کمیٹیاں تشکیل دینے پراتفاق کیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں سیاحت کے شاندارمواقع موجود ہیں جنہیں بروئے کارلانے کی ضرورت ہے۔ عمران خان نے کہاکہ حکومت سیاحت کے فروغ پرخصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ نوجوانوں کے لئے ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کے علاوہ قدرتی حسن اورماحول کاتحفظ یقینی بنایاجاسکے۔