فواد چوہدری نے سرعام پھانسی کی پیش کی گئی قرارداد کی مخالفت کردی۔
وفاقی وزیرسائنس وٹیکنا لو جی فواد چوہدری نے وزیرمملکت علی محمد خان کی جانب سے بچوں سے زیادتی کے مجرم کو سرعام پھانسی کی تجویز کی پیش کی گئی قرارداد کی شدید مذمت کی ہے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹو ئٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ سرعام پھانسی سے متعلق پیش کی گئی قرارداد کی سختی سے مذمت کرتا ہوں ،اس طرح کے قوانین تشدد پسند کرنے والے معاشروں میں بنتے ہیں، معاشرے کو متوازن رہنا چاہئے،بربریت سے آپ جرائم کے خلاف نہیں لڑ سکتے۔یہ انتہاپسندانہ سوچ کاعکاس ہے۔واضح رہے کہ جمعے کے روز قومی اسمبلی میں بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو پھانسی دینے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی ہے۔قومی اسمبلی میں وزیر مملکت علی محمد خان کی جانب سے بچوں سے زیادتی کے حوالے سے قرارداد پیش کی گئی جس میں مطالبہ کیاگیاکہ بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو پھانسی دی جائے۔