بھارت کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کو مکمل تحفظ دے: امریکا

امریکا کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کو مکمل تحفظ دے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے اردو ترجمان زیڈ تارار نے جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کم کرنے کے لیے بامقصد مذاکرات کا آغاز کریں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کم کریں، کشمیر سمیت دیگر معاملات پر مثبت بات چیت کا آغاز کیا جائے۔ زیڈ تارار نے کہا کہ پاکستان اور بھارت امریکا کے پارٹنر ممالک ہیں، مسائل بات چیت سے حل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا جائزہ لے رہا ہے کہ طالبان امن معاہدے کی شرائط پرعمل پیرا ہیں یا خلاف ورزی کر رہے ہیں، جنگ نہیں چاہتے لیکن افغانستان سے امریکی افواج کا فوری انخلاء نہیں ہوگا۔