ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے وزیراعظم ریلیف فنڈ قائم

وزیراعظم نے مخیر حضرات سے ترکیہ اور شام زلزلہ متاثرین کی امداد کی اپیل کی ہے وفاقی کابینہ ارکان کی ایک ماہ کی تنخواہ ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے دوسری جانب آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی ہدایت پر پاک فوج نے 2 دستے امدادی سامان لے کر ترکیہ روانہ ہو گئے ہیں۔ ترکیہ جانے والے پاک فوج کے دستوں میں ربن سرچ اینڈ ریسکیو اورمیڈیکل ٹیم شامل ہے۔ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم میں ماہرین، سراغ رساں کتے، جدید آلات شامل ہیں، آرمی ڈاکٹرز، نرسنگ سٹاف اور ٹیکنیشنز پر مشتمل میڈیکل ٹیم بھی ترکیہ روانہ ہوئی ہے۔ 30 بستروں والا موبائل ہسپتال، خیمے، کمبل اور دیگر امدادی اشیا بھی ترکی بھجوائی گئی ہیں، امدادی کاموں اور ریسکیو آپریشن تک دستے ترکیہ میں ہی رہیں گے واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کل صبح انقرہ روانہ ہوں گے، وہ صدر اردوان سے زلزلے کی تباہی، جانی نقصان پر افسوس اور تعزیت،ترکیہ کے عوام سے یک جہتی کریں گے اور زلزلہ متاثرین علاقوں کا دورہ بھی کریں گے- واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں 7.8 شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی ہے، رات گئے آنے والے زلزلے نے لوگوں کو بچنے کا موقع ہی نہ دیا، بلند و بالا عمارتیں لمحوں میں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، 50 سے زائد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی کئی گھنٹوں تک جاری رہا، دونوں ممالک میں اموات کی مجموعی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی،شام اور ترکیہ میں زلزلے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ،امدادی سرگرمیاں جاری ہیں-