نواز شریف کو واپس لانے کیلئے مجھے نااہل کروایا جا رہا ہے: عمران خان

سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جنرل باجوہ کی پہچان میں غلطی ہوئی، مانتا ہوں باجوہ کو ایکسٹینشن دینا بہت بڑی غلطی تھی، اتنی بڑی غلطی کہ وہ غلطی نہیں بلنڈر تھا۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ ایک آدمی کا نام نہیں ہے، نیا آرمی چیف اپنی پالیسی لاتا ہے، جنرل (ر) باجوہ نے لابنگ کر کے حسین حقانی اور دوسرے لوگوں کو رکھوایا جو امریکہ میں میرے خلاف لابنگ کرتے تھے، یوں لگتا ہے ابھی بھی باجوہ کی پالیسی چل رہی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ابھی تک اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے مثبت اشارہ نہیں ملا، کمان کی تبدیلی کو ابھی صرف دو ماہ ہوئے ہیں لہٰذا میں آرمی چیف کو بینیفٹ آف ڈاؤٹ دیتا ہوں، اس وقت مائنس عمران خان پالیسی چل رہی ہے، نواز شریف کو واپس لانے کیلئے مجھے نااہل کروانے کا منصوبہ بنایا ہے، ٹیریان کیس میں لارجر بنچ کا بننا میرے لئے اچھا ہے۔