گیس لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر سپریم کورٹ جائیں گے، صدر زرداری سے کسی بھی موضوع پر بات نہیں ہوسکتی۔ شہباز شریف
دورہ ترکی سے واپسی پر لاہورائرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ گیس کی بندش پر سپریم کورٹ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ایسا موضوع نہیں جس پر صدر آصف علی زرداری سے بات چیت ہوسکے۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ ترکی اور پنجاب حکومت کے مابین عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر موثر بات چیت ہوئی ہے اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور چار شہروں میں میٹرو بس سروس شروع کرنے سمیت دیگر مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں۔ میاں شہبازشریف نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے ترکی کے ساتھ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے معاہدے پر بھی دستخط کئے ہیں جبکہ استبول کے میئر بھی آئندہ ماہ لاہور آئینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی روابط بڑھانے پر بھی اتفاق کیاگیا ہے۔