ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے
ملک کےمختلف علاقوں میں ہونےوالی بارش، برفباری اور تندوتیز ہواؤں کے باعث موسم شدید سرد ہو گیا ہے۔ سردی اور دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہواہے۔ مری، وادی نیلم، وادی لیپہ اورہنگومیں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، مری میں ایک فٹ سےزائد برف پڑنے کے بعد ٹریفک اوربجلی کا نظام شدید متاثرہواہے، ہزارہ ڈویژن کے بیشترعلاقوں میں بارش کا سلسلہ تیسرے روزبھی جاری ہے جبکہ اسلام آباد اورراولپنڈی میں بھی ہلکی بارش جاری ہے۔لوئراوراپردیرسمیت ملک کے بالائی علاقوں میں گزشتہ دو دنوں سےمسلسل بارشوں اوربرفباری کی وجہ سےلوگ اپنےگھروں میں محصور ہو کررہ گئے ہیں جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کےباعث راستےبند ہو گئے ہیں۔ وادی تالاش، تیمرگرہ اوراردگرد میں بھی بجلی اورمواصلاتی نظام معطل ہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹے بھی جاری رہیگا۔ آج ملک میں سب سےکم درجہ حرارت قلات میں منفی بارہ ، کوئٹہ منفی دس جبکہ سکردو میں منفی نو ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ اس کےعلاوہ لاہور دو، ملتان چھ، ایبٹ آباد صفر، گلگت منفی چار، اسلام آباد ایک، کراچی گیارہ اور پشاور میں دو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔