بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ عمران خان کو سندھ میں خوش آمدید کہتے ہیں، خوشی ہے کہ قوم پرستوں نے ایم کیوایم سے مصالحت کرلی، سیاسی تصادم سے نقصان غریب عوام کا ہوتاہے۔

ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ سندھ میں لوگوں نے عمران خان کا گرمجوشی سے استقبال کیا ہوگا، سندھی ہمیشہ خوش آمدید کہنے والے اور مہمان نواز رہے ہیں،ایاز لطیف پلیجو اور ایم کیوایم کے وفد کے درمیان ملاقات پر ان کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ قوم پرستوں نے ایم کیوایم سے مصالحت کرلی، سیاسی تصادم سے نقصان غریب عوام کا ہوتاہے جبکہ ہڑتالوں سے کاروبار شدید نقصان سے دوچار ہوتے ہیں، اپنے احتجاج کو حق بجانب رکھیں لیکن خیال رکھا جائے کہ اس سے شہریوں کی زندگی میں خلل نہ پڑے۔