حکومت معاشی مسائل پیدا کرنیوالے عوامل کا تدارک کرے: لاہور چیمبر آف کامرس
لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے کم ہوتی درآمدات اور بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اْن عوامل پر جلد قابو پائے جو ان معاشی مسائل کی وجہ ہیں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ بہت سے ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدے‘ بہترین معیاری مصنوعات اور ویلیوایڈیشن کے لیے وافر خام مال ہونے کے باوجود برآمدات میں کمی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2015-16ء کے دوران پاکستان کی برآمدات 12.1فیصد کمی کے ساتھ 20.81ارب ڈالر رہیں جو اس سے پچھلے سال 23.66ارب ڈالر تھیں۔ اسی طرح نومبر 2016ء میں تجارتی خسارہ 26.1ارب ڈالر تک پہنچ گیا جو اس سے پچھلے سال 23ارب ڈالر تھے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ برآمدات میں مسلسل کمی اور تجارتی خسارے میں اضافہ معاشی اہداف کے حصول کا عمل متاثر کرے گا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ برآمدات کے سلسلے میں چند ممالک پر انحصار ہمیں بہت مہنگا پڑ رہا ہے، پاکستان کے بڑے تجارتی حصے داروں میں امریکہ، چین، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب شامل ہیں۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ جنوبی امریکی تاجر پاکستانی تاجروں کے ساتھ کاروبار کی شدید خواہش رکھتے ہیں لہذا اس نادر موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا ضروری ہے