لودھراں ٹرین حادثے میں انسانی غلطی کی وجہ سے قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ مستقبل میں حادثات سے بچنے کیلئے نیا نظام متعارف کروائیں گے:سعد رفیق
وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے لودھران میں ٹرین کی رکشہ کو ٹکر سے زخمی ہونیوالے طلبا کی بہاولپور کے وکٹوریہ ہسپتال میں عیادت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ ٹرین حادثے میں زخمی ہونیوالے چار طلبا ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثے کی تحقیقات کے لیے اڑتالیس گھنٹے دیے ہیں۔ گیٹ کیپرز ، دونوں ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیورحراست میں ہیں جن سے تفتیش جاری ہے۔ بہت سے سوالات ہیں جن کے جوابات تلاش کررہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ انسانی غلطی کی وجہ سے قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ چارسو چالیس میٹر دور سگنل تھا، سگنل ڈاؤن تھا تو ٹرین کیوں نہیں رکی۔ جاں بحق افراد کے ورثا کو فی کس پندرہ لاکھ اورزخمیوں کو تین لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ مستقبل میں حادثات سے بچنے کیلئے نیا نظام متعارف کروائیں گے۔ حادثے کے ذمہ داروں کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔