جو افسر اپنی ذمہ داری پوری نہ کر سکے ،اسے عہدے پر رہنے کاکوئی حق نہیں:عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے شیخوپورہ شہر کااچانک دورہ بھی کیا ۔وزیراعلیٰ نے صفائی کے انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے اورتجاوزات کے خلاف جاری آپریشن میں غریب آدمی کو ہر گز تنگ نہ کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بڑے مگر مچھوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔انہوں نے کہاکہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اورٹریفک مینجمنٹ کے لئے جامع پلان مرتب کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے شیخوپورہ میں صفائی کے ناقص نتظامات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن طارق ضیا کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ شیخوپورہ شہر کے دورے کے دوران صفائی کی ابتر صورتحال دیکھ کر مایوسی ہوئی ہے اورشہرمیں جگہ جگہ کوڑاکرکٹ کے ڈھیر میونسپل کارپوریشن کی خراب کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ جو افسر اپنی ذمہ داری پوری نہ کر سکے ،اسے عہدے پر رہنے کاکوئی حق نہیں ہے۔