سوئی گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ،شہری اذیت ناک صورتحال سے دوچار
پشاورمیں سوئی گیس کے کم پریشر اور بدترین لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو شدیدذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ۔صبح اور رات کے وقت گیس نہ ہونے کے باعث سردی سے شہری اور خاص کر بچے بیمارپڑنے لگے ۔تفصیلات کے مطابق پشاور میں عوام کی جانب سے بھرپور احتجاج کے باوجود سوئی گیس کے مسائل حل نہیں ہو پائے ہیں ۔پشاورصدر سمیت اندرون شہری علاقوں میں صبح اور رات کے وقت جہاں سوئی گیس کا پریشر انتہائی کم ہو جاتا ہے وہیں بعض علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے جس سے شہری اور خاص کر بچے بیمار پڑ رہے ہیں ۔ایک طرف سوئی گیس کا غائب ہونا تو دوسری جانب بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی شہریوں کیلئے عذاب بن گئی ہے ۔بازار کے کھانے کھا کر بھی لوگ معدے اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں ۔شہریوں نے حکومت،واپڈا اور سوئی گیس حکام سے اپیل کی ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں بصورت دیگر بھر پور احتجاج کریں گے ۔