حکمران پاکستان کو سیکولر اور لبرل بنانے کے عزائم میں مصروف ہیں ، پانچ ماہ کے دوران معیشت تباہی کے کنارے پر پہنچ گئی ہے،سراج الحق
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی مرکزی شوری نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر میں اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانے کی بھرپور جدوجد جاری رکھی جائے گیـ غیر جانبدارانہ احتساب کیلئے بھی ہر فورم استعمال کیا جائے گاـ انہوںنے کہا کہ حکومت کی پانچ ماہ کی کارکردگی نا صرف عوام بلکہ حکمرانوں کیلئے بھی غیر تسلی بخش ہے اسی لئے حکمران جماعت کی جانب سے قبل ازوقت انتخابات کی بات سامنے آئیـ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اعلان کیا تھا کہ یہاں پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز پر ریاست بنائیں گے لیکن ابھی تک اس طرف کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ـ حکمران پاکستان کو سیکولر اور لبرل بنانے کے عزائم میں مصروف ہیں ـ
انہوں نے کہا کہ پانچ ماہ کے دوران معیشت تباہی کے کنارے پر پہنچ گئیـ روپے کی قدر میں 32 فیصد کمی آئی جبکہ سٹاک اکسچینج بحران کا شکارہے ـ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے نام ، پرچم اور نشان کے تحت اپنے کام کو آگے بڑھائے گیـ حکومت جلد بلدیاتی انتخابات سے متعلق حکمت عملی کا اعلان کرے ـ چیف جسٹس سے مطالبہ ہے کہ وہ عدالتی اصلاح کے لئے اقدامات اٹھائیں اور جن لوگوں نے بنکوں سے قرض لیکر معاف کروائے ان کے خلاف کارروائی کی جائے اور پانامہ میں جن 436 افراد کے نام آئے ہیں ان کو بھی سمن جاری کئے جائیں ـ ان خیالات کا اظہار انہو ںنے جماعت اسلامی کی مرکزی شوری کے تین روزہ اجلاس کے بعد اس میں کئے گئے فیصلوں سے متعلق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیاـ اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھےـ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ 25 جو لائی 2018ء کے انتخابات کے بعد حکومت نے جو اعلانات اور وعدے کئے تھے ان پر عملدرآمد کرنے میں وہ مکمل طور پر ناکام رہی ہے ـ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کا پنجاب حکومت کی ناکامی پر تبصرہ حکومت کی خراب کارکردگی سب سے بڑی گواہی ہے ـ انہوںنے کہا کہ چیف جسٹس نے بہت سے کام کئے ہیں لیکن ہماری ان سے درخواست ہے کہ وہ عدالتی نظام کو بہتر بنانے کے لئے بھی اقدامات اٹھائیں ـ کیونکہ غریب آدمی کی ابھی بھی عدالتوں تک رسائی نہیں ہےـ جبکہ لاکھوں کیس التوا میں بھی پڑے ہوئے ہیں ـ