پی ٹی آئی نے کراچی کو بھلا دیا ،میئر کراچی نہ جانے کس کو خوش کررہے:فاروق ستار
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے کراچی کو بھلا دیا ،شہر میں صرف توڑ پھوڑ ہورہی ہے ۔سٹی کورٹ کراچی میں لاوڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار پیش ہوئے۔عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کراچی کو بھلا دیا ، بہادر آباد کی قیادت میئرکراچی کو توڑ پھوڑ سے روکے، میئر کراچی نہ جانے کس کو خوش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک کی تمام اکائیوں کو ملاکر نئی ایم کیوایم بنائیں گے اور اس مقصد کے لیے وہ دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے میں بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی اور ایم کیو ایم پاکستان کے دیگر رہنما اپنے اثاثے سامنے لائیں۔اس موقع پر عدالت کی جانب سے لائوڈ سپیکر ایکٹ خلاف ورزی کیس کی سماعت23جنوری تک ملتوی کردی گئی۔