وزیراعظم کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی و اتحادی جماعتوں کا اجلاس
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی و اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاوس میں جاری ہے، جس میں مسلح افواج سے متعلق قانون سازی کی منظوری کیلئے حکمت عملی پر بات چیت ہوگی۔ خیال رہے گزشتہ روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سمیت تینوں مسلح افواج سے متعلق سروسز ایکٹ میں ترمیمی بلز متفقہ طور پر منظور کئے۔ قائمہ کمیٹی دفاع کا اجلاس چیئرمین امجد علی خان کی زیر صدارت ہوا، وزیر دفاع پرویز خٹک سمیت وزارت دفاع کے حکام نے شرکت کی، اجلاس کے دو سیشن ہوئے، پہلے سیشن کا ایجنڈا معمول کے امور پر تھا جبکہ دوسرے سیشن میں آرمی، نیوی اور ایئر فورس ایکٹس میں ترامیم کا معاملہ ان کیمرا زیر بحث آیا۔ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے تینوں بلوں کے پہلوؤں پر بریفنگ دی جس کے بعد تینوں بل متفقہ طور پر منظور ہوئے۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے متفقہ طور پر بل منظور ہونے پر پوری قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ہم سب کا ملک ہے، فوج کیساتھ تمام جماعتیں اور پورا پاکستان کھڑا ہے۔