محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جو مزید دو روز تک جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت بالائی اوروسطی پنجاب، خیبرپختونخواہ اورکشمیرمیں کہیں کہیں جبکہ جنوب مشرقی سندھ،ژوب ڈویژن اورگلگت بلتستان میں چندایک مقامات پرآندھی اوربارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم خشک اورگرم رہے گا۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ،ہزارہ، کوہاٹ، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائیں چلنے کے علاوہ چند ایک مقامات گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہا ، سب سے زیادہ بارش سیدوشریف میں اکاون ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ گرمی دالبندین میں پڑی جہاں درجہ حرارت سینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ملتان، مظفرآباد، گلگت اور فیصل آباد چالیس، کراچی چونتیس، لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں اکتالیس، کوئٹہ انتالیس، اور مری میں چھبیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔