ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ میں برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے نے چوہترسال بعد میگاایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، فائنل سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر سے ہوگا۔
لندن میں جاری ٹینس کے میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں برطانوی ٹینس سٹار اینڈی مرے نے فرنچ کھلاڑی جووِلفریڈ تسونگا کو پچھاڑ لیا۔ اینڈی مرے نے میچ میں چھ تین، چھ چار، تین چھ اور سات پانچ سے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے چوہتر سال بعد ومبلڈن کے فائنل میں پہنچنے والے پہلے کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔ اس سے قبل ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں عالمی نمبر ایک سربیا کے نوواک ڈجوکووِچ اور سابق چیمپئن سوئس سٹار راجر فیڈرر مدمقابل ہوئے۔ جس میں راجر فیڈرر نے عالمی نمبر ایک کو سخت مقابلے کے بعد چھ تین، تین چھ، چھ چار اور چھ تین سے شکست دے دی۔ ومبلڈن کے فائنل میں سوئس راجر فیڈرر اور انگلش کھلاڑی اینڈی مرے کل ٹکرائیں گے۔ جبکہ خواتین کا فائنل مقابلہ آج پولش اگنیازکا رادوِینسکا اور امریکی سرینا ولیمز کے درمیان ہوگا۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام چھ بجے شروع ہوگا۔