محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب،اسلام آباد، خیبرپی کے اور آزاد کشمیر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہے گا
پنجاب کے متعدد شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا،،، محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود ہے۔اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، بہاولپور ڈویژن ،کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،آئندہ چوبیس سے چھتیس گھنٹوں میں پنجاب کےمختلف شہروں اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر،،خیبرپی کے میں چند ایک مقامات پر،فاٹا میں کہیں کہیں جبکہ ژوب، سکھر اور لاڑکانہ ڈویژنز میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے،وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں اب تک سات ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔موسم تبدیل ہوتے ہی روزہ داروں نے سکھ کا سانس لیاہے۔لاہور،گوجرانوالہ اورسیالکوٹ کے اضلاع میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات نے بارہ جولائی کو کراچی میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
باران رحمت ہونے سے اسلام آباد کے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا مگر نکاسی آب نہ ہونے کے باعث بارش کا پانی عذاب بن گیا۔۔ شہری پارکوں اور تفریحی مقامات کی سیر کرنا چاہتے تھے مگر گھروں سے نہ نکل سکے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسلادھار بارش کا سلسلہ تاحال وقفے وقفے سے جاری ہے جس کی وجہ سے موسم دلفریب ہو چکا ہے-آنکھوں کو ٹھنڈک کا احساس دلاتا ہوا سبزہ اور آسمان پہ تاحد نگاہ پھیلے ہوئے بادلوں نے شہریوں کے چہرے کھلا دیے ہیں-ان کا کہنا تھا کہ وہ موسم کو انجوائے کر رہے ہیں تیز ہوائیں چلنے اور موسلادھار بارش کی وجہ سے اسلام آباد کی سڑکیں اور پارک کافی حد تک سنسان پڑے ہیں-شہریوں کا کہنا تھا کہ بارش کے بعد سڑکوں پہ جگہ جگہ پانی جمع ہے، اس لیے کم لوگ ہی پارکوں اور تفریح گاہوں کا رخ کر رہے ہیںموسم میں تبدیلی نے روزہ داروں کو بہت راحت پہنچائی ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ کاش سڑکوں پر پانی جمع نہ ہوتا۔