ایک عرب اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ داعش کے دہشت گردوں کی جانب سے ماہ صیام کے مختلف مقابلوں میں خواتین کو انعام کے طورپر بانٹا جا رہا ہے
ایک عرب اخبار کے مطابق مصرکے افتاء کونسل کی مانیٹرنگ کرنے والے ادارے نے خواتین کے ساتھ داعشیوں کے ہاتھوں ہونے والے اس غیرانسانی سلوک سے پردہ اٹھایا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ داعش نے خواتین کی عزت و ناموس کے تحفظ کے بجائے انہیں دنیا کا مال واسباب بنا رکھا ہے، جہاں نہ صرف کھلے عام ان کا بھاؤ تاؤ کیا جاتا ہے بلکہ انہیں انعامی مقابلوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ حال ہی میں پتا چلا ہے کہ شام میں "داعش" کے جنگجوئوں نے ماہ رمضان کی مناسبت سے تحفیظ القرآن کے مقابلوں کا اہتمام کیا۔ ان مقابلوں میں اول، دوم اور سوم آنے والوں کے لیے خواتین لونڈیوں کے انعامات رکھے گئے تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ "داعش" نہ صرف غیر مسلم اقلیتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کی خرید وفروخت کررہی ہے بلکہ تنظیم کے نظریات کی نفی کرنے اور فرار کی کوشش کے دوران پکڑی جانے والی خواتین کو بھی لونڈیوں کے طورپر بیچا جاتا ہے