کینیڈا میں ہیٹ ویو، ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 54 ہوگئی۔

کینیڈا میں گذشتہ ایک ہفتے سے جاری ہیٹ ویو کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 54ہو گئی ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے وسطی اور مشرقی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جبکہ صوبہ کیوبک میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جس کے باعث شدید گرمی سے ہلاک افراد کی تعداد 54 تک پہنچ گئی ۔صوبہ کیوبک کے شہر مونٹریال میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں جن کی تعداد 28 ہے۔ شہر کا درجہ حرارت 45ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ حکومت کی جانب سے شہریوں کو پہلے ہی ہیٹ ویو سے خبردار کردیا گیا تھا۔سٹی پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ زیادہ تراموات مردوں کی ہوئیں جن کی عمریں 53سے 85سال کے درمیان تھیں۔ جبکہ مرنے والوں میں بیشتر وہ ہیں جو گھر کی بالائی منزل پر بغیر ایئرکنڈیشنڈ کے رہائش پذیر تھے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ ہیٹ ویو سے متاثر ہونے والے علاقوں میں صوبہ کیوبک کے جنوبی حصے، صوبہ اونٹاریو اور بحراوقیانوس کے علاقے شامل ہیں،کینیڈا میں ہیٹ ویو کا آغاز 29 جون سے شروع ہوا تھا،کینیڈا میں گذشتہ کئی دہائیوں میں حالیہ گرمی کی لہر شدید ترین ہے۔حکام نے لوگوں کو ہدایت کی کہ وہ سخت گرم موسم میں زیادہ سے زیادہ پانی پئیں اور سایہ دار جگہ پر رہیں۔شہری گرمی سے بچنے کیلئے ٹھنڈے مقامات اور پارکوں کو رخ کر رہے ہیں۔