پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے کل سے مون سون کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ،سرگودھا، ساہیوال، مالاکنڈ، ہزارہ،ڈی آئی خان ڈویژن اور کشمیر میں کچھ مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی،محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش نور پور تھل میں ستترملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ موسلا دھار بارش کے بعد جگہ جگہ بارش کا پانی کھڑا ہوگیا ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ گرمی کے غائب ہونے پر شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ دوسری جانب سندھ اور بلوچستان میں گرمی کا راج برقرار ہے ،سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں اڑتالیس دادو میں چھیالیس اور تربت میں پنتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ کراچی میں بھی موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔