پاکستانی انجینئرز کا ایک اور کارنامہ، کسانوں کے لیے جدید ڈرون تیار
اسلام آباد: نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) کے پاکستانی انجینئرز نے کسانوں کی سہولت کے لیے کارنامہ انجام دیتے ہوئے جدید ڈرون تیار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق این آر ٹی سی میں میڈ اِن پاکستان پراڈکٹس کی تیاری کا عمل جاری ہے، جدید پورٹیبل وینٹی لیٹرز کے بعد انجینئرز نے کسانوں کے لیے ہیوی ڈیوٹی اسپرے ڈرون بھی تیار کر لیا۔ اس ڈرون کی مدد سے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے سہولت کے ساتھ اسپرے کیا جا سکے گا، یہ ‘میڈ اِن پاکستان’ پراجیکٹ کے تحت تیار کردہ سب سے بڑا اسپرے ڈرون ہے، جس کا ٹیسٹ رن کامیاب رہا۔ این آر ٹی سی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انتہائی کم قیمت ڈرون جلد مارکیٹ میں دستیاب ہوگا، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ انجینئرز کو وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اس ڈرون کی تیاری کا ٹاسک دیا تھا۔