وفاقی کابینہ نےارشد ملک کو پی آئی اے کا چیف ایگزیکٹو تعینات کرنے کی منظوری دے دی

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ارشدملک کو پی آئی اے کا چیف ایگزیکٹو تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کااجلاس ہوا، جس میں 16 نکاتی ایجنڈے سمیت ملکی سیاسی، معاشی اورکورونا وباء کے باعث پیدا صورتحال پر غور کیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے ارشد ملک کو پی آئی اے کا چیف ایگزیکٹوتعینات کرنےکی منظوری دے دی اور فیصلہ کیا کہ ارشدملک ریٹائرمنٹ کے بعد بھی پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو رہیں گے، ایئرمارشل ارشد ملک 12 جولائی کو پاکستان ایئر فورس سے ریٹائر ہو جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ارشد ملک ریٹائرمنٹ کے بعد بقیہ مدت کنٹریکٹ پر چیف ایگزیکٹو ہوں گے، ان کو 3سال کے لیے پی آئی اے کا چیف ایگزیکٹومقرر کیا گیا ہے۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ کو مشکوک ڈگریوں والے پائلٹس کے معاملےپر تفصیلی بریفنگ دی گئی ، بریفنگ میں بتایا گیا جعلی اور مشکوک ڈگریوں والے پائلٹس کوگراؤنڈ کردیا گیا ہے ، جس پر کابینہ نے پائلٹس کی مشکوک ڈگریوں کی جانچ پڑتال جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔