پاکستان میں نئے افغان پناہ گزینوں کی آمد کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے۔سلیم خان
پاکستان کے چیف کمشنر برائے افغان مہاجرین سلیم خان نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر صورتِ حال معمول کے مطابق ہے اور پاکستان میں نئے افغان پناہ گزینوں کی آمد کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے۔وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم خان نے کہا کہ افغان پناہ گزینوں کی پاکستان آمد کے خدشے کے پیشِ نظر ان کی عارضی آبادی کاری کے لیے مختلف تجاویز سامنے آ رہی ہیں۔سلیم خان کا کہنا تھا کہ افغان پناہ گزینوں کی پاکستان آمد کے ممکنہ خدشہ کو صرف ایک پہلو سے نہیں دیکھا جا سکتا۔ اس معاملے کے کئی پہلو ہیں جن میں اقتصادی اور سماجی پہلو بھی شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ افغان پناہ گزینوں کے معاملے پر عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ کیوں کہ پاکستان پہلے ہی لگ بھگ 30 لاکھ اندراج شدہ اور غیر اندراج شدہ افغان مہاجرین مقیم ہیں۔افغانستان میں امن کے حوالے سے سلیم خان کا کہنا تھا کہ امن ہوگا تو شاید افغان شہریوں کو کسی دوسرے ملک میں پناہ لینے پر مجبور نہیں ہونا پڑے گا۔ قیامِ امن سے لاکھوں کی تعداد میں پاکستان سمیت دیگر ممالک میں مقیم مہاجرین وطن جا سکتے ہیں۔