این سی او سی کا مختلف سیکٹرز میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کا نوٹس جاری
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی ) کا اجلاس ہوا ہے، تمام صوبائی چیف سکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔این سی او سی نے کورونا کیسز میں اضافے پہ تشویش کا اظہار کیا ہے اور مختلف سیکٹرز میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کا نوٹس بھی لیا ہے۔ این سی او سی کے مطابق تمام صوبوں کو ایس او پیز پر عمل درآمد اور ویکسینیشن کے عمل کو تیز کرنے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ عید الاضحی کے سلسلے میں جاری کی گئی ایس او پیز پر خصوصی عمل درآمد کے احکامات دئیے گئے ہیں ۔ این سی او سی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں کورونا کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر مغربی سرحد کو 4 جون 2021 سے بند کیا گیا تھا ، بندش کے دوران صرف دونوں اطراف پھنسے ہوئے پاکستانی اور افغانی شہریوں کے علاوہ انتہائی ایمرجنسی کیسز کے مریضوں اور طلباء کو خصوصی رعایت حاصل ہے ۔ این سی او سی نے کہا ہے کہ افغانستان میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی واپسی کے لئےچمن اور طورخم بار ڈر پہ خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، وہ پاکستانی افراد جن کو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگ چکی ہیں ، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں 10 دن کے لیے لازمی قرنطینہ میں رکھا جائے گا ، جن افراد کو ویکسین نہیں لگی یا صرف ایک خوراک دی گئی ہے ان کو ہر صورت دس دن کے لیے اپنے متعلقہ صوبے میں قرنطینہ میں رکھا جائے گا ۔ انتہائی ایمرجنسی میڈیکل کیسز اور افغانی طلبا کے لیےپہلے سے جاری کی گئی ہدایات نافذ العمل رہیں گی۔