چھوٹی گاڑیوں کی قیمت میں ایک لاکھ روپے تک کمی ہو گی: فواد چودری اور خسرو بختیار کی مشترکہ پریس کانفرنس
وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے آٹوسیکٹر کو ٹیکس میں چھوٹ دینے کی وجہ سے مختلف قسم کی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی آ رہی ہے۔بدھ کے روز اسلام آباد میں وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خسرو بختیار نے کہا کہ گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی سے متعلق نوٹیفکیشن آئندہ چند روز میں جاری کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نئی آٹوپالیسی کو منظوری کے لئے اگلے ماہ کابینہ میں پیش کیا جائے گا اور نئی پالیسی میں گاڑیوں کو مقامی طور پر تیار کنے اور اس شعبے کو برآمدات کے قابل بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ صارفین کو مناسب قیمتوں پر معیاری گاڑیاں میسر ہوں۔وزیر صنعت نے کہا کہ اس سال گاڑیوں کی پیداوار ایک لاکھ چونسٹھ ہزار سے بڑھا کر تین لاکھ کر دی جائیگی۔خسرو بختیار نے کہا کہ جو افراد پہلی مرتبہ گاڑی خرید رہے ہیں انہیں مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ صارفین کو بروقت یعنی دوماہ میں گاڑی مل جائےانہوں نے کہا کہ الیکٹرک ہائبرڈگاڑیوں کی پیداوار کی بھی حوصلہ افزائی کی جائیگی کیونکہ اس سے ملک کی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔اس موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کی معیشت کو صحیح راہ پر گامزن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو صفر پر لایاگیا ہے اور صنعتیں اور زرعی شعبوں کو بحال کیا گیا ہے۔