پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں پر منتخب 5 ارکان پنجاب اسمبلی نے حلف اٹھا لیا

مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے پانچ ارکان پنجاب اسمبلی نے اپنی رکنیت کا حلف اٹھا لیا۔ حلف سپیکر پنجاب اسمبلی نے لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں تین خواتین اور دو اقلیتی ارکان شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے عدالتی حکم پر پی ٹی آئی کے پانچ ارکان کے مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے کے حوالہ سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔جمعرات کے روز سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے بتون زین،سائرہ رضا، فوزیہ عباس، سیموئل یعقوب اور حبکوک رفیق سے حلف لیا۔ پانچ ارکان کے اضافہ سے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ق)کے ارکان پنجاب اسمبلی کی تعداد173جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)اوراس کے اتحادیوں کی تعداد177ہو گئی جبکہ 20نشستوں پر 17جولائی کو ضمنی انتخاب ہو گا جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب 22جولائی کو منعقد ہوگا۔