وزیراعظم ہاؤس اور وزیراعظم آفس کو جلد از جلد شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انرجی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک اور متعلقہ اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز بذریعہ ویڈیو لنگ اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملک میں شمسی توانائی کے فروغ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اور بتایا گیا کہ ملک میں ایندھن سے چلنے والے پاور ہاؤسز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے اور 11 کے وی کے 2000 فیڈرز پر شمسی توانائی کی پیداوار کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔