وزیراعظم آج شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے قازخستان جائیں گے۔
وزیراعظم نوازشریف شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے سربراہوں کی کونسل کے دو روزہ اجلاس میں شرکت کریں گے جو آج( جمعرات کو )قازخستان کے دارالحکومت آستانہ میں شروع ہورہا ہے۔رکن ملکوں کے سربراہوں کی کونسل شنگھائی تعاون تنظیم کا اعلی ترین فیصلہ ساز ادارہ ہے جس کا اجلاس ہر سال ہوتا ہے۔پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم میں مبصر کا درجہ حاصل ہے اور وہ آستانہ میں ہونے والے اجلاس میں تنظیم کا مکمل رکن بن جائے گا، پاکستان کو مکمل رکنیت دینے کا اصولی فیصلہ 2015 میں روس کے شہر UFA میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے اجلاس میں کیاگیا تھا۔شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم اجلاس میں شریک رہنمائوں سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے علاوہ قازخستان عالمی نمائش2017 کی میزبانی بھی کررہا ہے جس میں پاکستان سمیت ایک سو سے زائد ملک شرکت کررہے ہیں وزیراعظم دوسرے رہنمائوں کے ہمراہ نمائش کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔